ایران امریکہ معاہدہ، فیلڈ مارشل کا تاریخی کردار رہا، شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں خطاب

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مورخ ہمیشہ پاکستان کا نام سنہرے حروف میں لکھتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر کیے بغیر آج کی تقریر نامکمل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں جنگ کے شعلے بجھانے اور قیامِ امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی اور اپنی تمام تر توانائیاں وقف کیے رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران کئی نشیب و فراز آئے اور بعض مواقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ معاملہ کسی بھی وقت ختم ہو سکتا ہے، تاہم مستقل سفارتی کوششوں کے باعث مذاکرات کامیابی سے آگے بڑھتے رہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن عمل میں غیرمعمولی کردار ادا کیا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے