پاکستانی پاپ اسٹار علی حیدر کی شاندار واپسی

لاہور، فروری — معروف پاکستانی پاپ گلوکار علی حیدر نے نیا گیت "اجازت” جاری کر کے ایک بار پھر موسیقی کے منظرنامے پر شاندار واپسی کی ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔

یہ گیت گزشتہ اتوار کو ریلیز کیا گیا، جس کی ویڈیو امریکی شہر ہیوسٹن، ٹیکساس میں فلمائی گئی، جہاں علی حیدر اس وقت مقیم ہیں۔

علی حیدر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کی تیاری اور تکمیل ہیوسٹن میں ہی ہوئی، جو حالیہ برسوں میں جنوبی ایشیائی تخلیقی سرگرمیوں کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔

گیت کی ریلیز کے بعد یوٹیوب، فیس بک اور انسٹاگرام پر شائقین کی جانب سے زبردست پذیرائی دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں مداحوں نے اس کی دھن اور علی حیدر کی مخصوص آواز کو خوب سراہا۔

سوشل میڈیا پر تبصروں میں "اجازت” کو دلکش، لازوال اور 1990 کی دہائی کے پاکستانی پاپ میوزک کی یاد تازہ کرنے والا گیت قرار دیا جا رہا ہے۔ کئی مداحوں نے اسے علی حیدر کی شاندار کم بیک بھی کہا ہے۔

ناظرین نے ویڈیو کی کوالٹی، منظرکشی اور اداکاروں کی کارکردگی کو بھی سراہا، جبکہ انسٹاگرام پر گیت سے متعلق پوسٹس پر نمایاں ردعمل سامنے آیا۔

"اجازت” کے ذریعے علی حیدر نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ سادہ دھن، جذباتی اظہار اور معیاری موسیقی آج بھی سامعین کے دل جیتنے کی طاقت رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے