ایران امریکا کشیدگی: برطانیہ نے قطر میں لڑاکا طیارے تعینات کر دیے

لندن: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر برطانیہ نے قطر میں اپنے لڑاکا طیارے تعینات کر دیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے باعث برطانوی رائل ایئر فورس (RAF) کے جدید ٹائفون لڑاکا طیاروں کو قطر منتقل کیا گیا ہے۔

برطانوی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ 12 سکواڈرن، جو برطانیہ اور قطر کی مشترکہ فضائی یونٹ ہے، کو خلیج میں دفاعی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ اس تعیناتی کا مقصد خطے میں دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے قریب بڑی فوجی قوت کی تعیناتی کا اعلان کر چکے ہیں، جس میں جنگی بحری جہاز اور لڑاکا طیارے شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق ایران کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور احتیاطی طور پر فوجی اثاثے خطے میں منتقل کیے گئے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فوری کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ امریکا ایران پر مزید حملے نہیں کرے گا، تاہم اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام جاری رکھا تو دوبارہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے