برٹش کونسل، WOW فاؤنڈیشن، اقوامِ متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشنز پوپولیشن فنڈ اور انٹرپرینیورشپ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ (ای سی ڈی آئی) کے اشتراک سے ویمن آف دی ورلڈ (WOW) پاکستان فیسٹیول کی 10 سالہ کامیابی کے جشن کے طور پر WOW پاکستان 2026 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یہ دو روزہ فیسٹیول 24 اور 25 جنوری 2026 کو بیچ لگژری ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوگا۔
WOW فیسٹیول خواتین کی کامیابیوں کو سراہنے، صنفی مساوات پر بامعنی مکالمے کو فروغ دینے اور خواتین کو درپیش سماجی و معاشرتی چیلنجز پر بات چیت کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
اس دوران خواتین، بچیوں اور خاندانوں کے لیے ثقافت، فنون، موسیقی، مکالمے اور سیکھنے کے پروگرامز پیش کیے جائیں گے۔
برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ WOW پاکستان کے 10 سال مکمل ہونے کا جشن منانا ہمارے لیے باعث فخر ہے، اور یہ کراچی میں پہلی تقریب سے شروع ہونے والے اس سفر کا اہم لمحہ ہے۔
WOW پاکستان کی چیئر اور شریک کیوریٹر آمنہ شیخ فاروقی نے کہا کہ WOW پاکستان کا آغاز خواتین کی آواز کی اہمیت پر یقین کے ساتھ کیا گیا۔ جب یہ آواز بغیر کسی معذرت کے سنی جائے تو معاشرہ بدلتا ہے۔ دس برسوں میں ایسے مواقع پیدا ہوئے جہاں خیالات نے جنم لیا، ہم خیال ہوئے اور پیش رفت کی، حتیٰ کہ مشکل حالات میں بھی۔
WOW فاؤنڈیشن کی بانی اور سی ای او جوڈ کیلی (CBE) نے کہا کہ WOW کی بنیاد رکھنے کا خواب پاکستان میں مضبوط جڑیں پکڑنا تھا، ایک ایسے ملک میں جہاں خواتین اور لڑکیوں کے لیے رکاوٹیں موجود ہیں۔ دس سال بعد WOW پاکستان تخلیقی صلاحیت، جرات اور اجتماعی عمل کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم صرف اب تک کی پیش رفت کا جشن نہیں منا رہے، بلکہ آئندہ کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا عہد بھی کر رہے ہیں۔