لندن : میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ جوکسی کی تعریف نہیں کرتے، پاکستان کی تعریفیں کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر لندن صادق خان نے عالمی امن، بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔
لندن کے مشہور ٹریفالگر اسکوائر میں بیساکھی میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے کہ دونوں حریف ممالک اس پر اعتماد کر رہے ہیں۔
صادق خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان امن کے لیے جو کردار ادا کر رہا ہے وہ نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ اس پر ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو عموماً کسی کی تعریف نہیں کرتے، وہ بھی آج کل پاکستان کی تعریفیں کر رہے ہیں، جو ایک غیر معمولی بات ہے۔
ایران امریکہ حالیہ تنازع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میئر لندن نے کہا کہ "ہم سب کی خواہش ہے کہ جاری سیز فائر (جنگ بندی) مستقل ہو جائے اور ہم دعا گو ہیں کہ خطے میں جلد مکمل امن قائم ہو تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے اور عالمی معیشت مستحکم ہو۔”
صادق خان نے ٹریفالگر اسکوائر میں سکھ برادری کے ساتھ بیساکھی کا تہوار منایا اور اس موقع پر لندن کی ثقافتی رنگارنگی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو سراہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ لندن امن اور محبت کا شہر ہے اور یہاں بسنے والے تمام افراد دنیا بھر میں امن کے خواہش مند ہیں۔