امریکا ایران جنگ بندی سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے: پاکستانی سفیر

واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکا ایران جنگ بندی کو سفارتکاری اور مکالمے کی فتح قرار دیدیا۔

پاکستانی سفیر رضوان سعیدشیخ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرو میں امریکا ایران جنگ بندی سے متعلق پاکستان کےمثبت کردار اور سفارتی کوششوں پربات چیت کی۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں گزشتہ ہفتوں سےجاری تھیں، ان کوششوں کا اختتام کامیاب جنگ بندی اور مذاکرات کےاعلان کےساتھ ہوا۔

یہ سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے، پاکستان نے اپنی تاریخ میں ہمیشہ مثبت سفارت کاری کو ترجیح دی۔

انہوں نے فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سفارت کاری کو کامیاب بنانے میں سعودی عرب، ترکیے، مصر، قطر، چین اور دیگرتمام ملکوں کے شکر گزار ہیں۔

ان کی مشترکہ کاوشوں سےجنگ بندی عمل میں آئی اور مذاکرات کا راستہ کھلا ۔پاکستانی سفیر نے کہا چین نے روزِ اول سےفریقین کو تحمل اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔

ملک کی اعلیٰ ترین قیادت نے سفارتی کوششوں میں براہ راست کردار ادا کیا، مذاکراتی عمل کی کامیابی رازداری کی متقاضی ہے، بغیر کسی دباؤ کے مذاکراتی عمل کے فیصلہ کن ہونے کا امکان غالب ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلوں کا اختیار متعلقہ فریقین کے پاس ہے، پاکستان محض ایک سہولت کار ہے، ہم پوری دیانتداری سےکوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کےخلیجی ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، خلیجی ریاستوں میں 55 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی مقیم ہیں، سفارتی کاوشوں اور جنگ بندی عمل کے دوران خلیجی اعلیٰ قیادت سے مشاورت جاری رہی، ہمیں امید ہےکہ یہ عاجزانہ اور پرخلوص کوشش نتیجہ خیز ثابت ہوگی۔

پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ خطے میں امن اور استحکام کا مثبت اثر نہ صرف خلیج بلکہ دنیا بھرکی سیاست اورمعیشت پرہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے