’’بابر اعظم کو ون ڈے اسکواڈ سے کیوں نکالا؟‘‘ سابق کپتان حیران

لاہور (6 مارچ 2026): بنگلہ دیش کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز سے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو باہر کرنے پر سابق کپتان محمد یوسف حیران ہو گئے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص ترین کارکردگی کے بعد پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے قومی اسٹار بیٹر بابر اعظم کو آرام دینے کے نام پر دورہ بنگلہ دیش میں ون ڈے سیریز سے باہر کر دیا۔

سابق کپتان محمد یوسف سلیکشن کمیٹی کے اس فیصلے پر حیران ہیں اور فیصلے کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

محمد یوسف نے اظہار رائے کے لیے سوشل میڈیا ایپ ایکس کا سہارا لیتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کرنا تو حیران کن تھا لیکن اب انہیں ون ڈے ٹیم سے باہر کرنا اگر صرف آرام دینے کا فیصلہ نہیں ہے تو یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

سابق کپتان نے یہ سوال بھی اٹھا دیا کہ آخر ایسے غیر منطقی فیصلے کون کر رہا ہے؟ واضح رہے کہ بابر اعظم جو طویل عرصہ سے فارم میں واپسی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کی حالیہ ٹی 20 پرفارمنس بے شک بدترین ہے۔ تاہم ون ڈے میں ان کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔

سری لنکا کے خلاف آخری ون ڈے سیریز میں انہوں نے اپنی 20 ویں سنچری مکمل کر کے سعید انور کا ملکی ریکارڈ 23 سال بعد برابر کیا اور سیریز میں 165 رنز اسکور کیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے