دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے ساحلی شہر فجیرہ کے قریب ایک بحری جہاز کو نامعلوم ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق منگل کی رات تقریباً 10:40 بجے فجیرہ کے مشرق میں 7 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود ایک تجارتی جہاز کو نامعلوم ڈرون یا پروجیکٹائل آ کر لگا جس کے نتیجے میں جہاز کی اسٹیل پلیٹنگ کو نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق حملے کے باوجود جہاز میں نہ تو آگ بھڑکی اور نہ ہی پانی داخل ہوا، جبکہ عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔ واقعے کے فوری بعد متعلقہ حکام کو اطلاع دے دی گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سمندری سیکیورٹی اداروں نے خطے میں موجود دیگر جہازوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
