اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں شامل بھارت کو جنوبی افریقہ کے خلاف عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کا سفر مشکل ہو گیا ہے۔ بھارت کو اس میچ میں 76 رنز سے شکست ہوئی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف اس بڑے نقصان کے بعد بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ شدید متاثر ہوا ہے اور اس وقت یہ منفی 3 تک گر چکا ہے، جو سیمی فائنل میں پہنچنے کی کوشش کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔
سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے بھارت کو سپر 8 کے اپنے باقی دونوں میچز زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم کو دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑ سکتا ہے۔
گروپ ون میں بھارت کے ساتھ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں، جہاں سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اس منظرنامے میں بھارت کی پوزیشن کافی مشکل ہو گئی ہے اور اسے اپنی باقی میچز میں بھرپور کارکردگی دکھانا ہوگی۔