اسلام آباد: وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا مزید ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے دوران موصول ہونے والے تحائف کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں، جن کے مطابق تمام سرکاری شخصیات نے اپنے حاصل کردہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی دستاویزات کے مطابق اس سہ ماہی میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ان شخصیات میں شامل ہیں جنہیں مختلف مواقع پر تحائف موصول ہوئے۔
اس کے علاوہ معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ، مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکریٹری اقتصادی امور، سیکریٹری آئی ٹی، صدر کے اے ڈی سی اور دیگر سرکاری افسران کو بھی تحائف دیے گئے۔
کابینہ ڈویژن کے ڈیٹا کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں روضہ رسول ﷺ، خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹس، تلواریں، خنجر، گلدان، گھڑیاں، آرائشی اشیا، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپس، یادگاری اشیا، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، شرٹس، موسیقی کے آلات، کمبل، اسکارف اور ٹائیز سمیت دیگر تحائف شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تمام وصول کنندگان نے اپنے تحائف مکمل طور پر توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے موصول شدہ تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے، جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سہ ماہی کی فہرست میں تحائف دینے والی شخصیات کے نام شامل نہیں کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی، جنوری تا جون 2025 کی فہرست میں ملکی اور غیر ملکی تحائف دینے والوں کی تفصیلات بھی درج تھیں۔