پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی، سہ ملکی سیریز میں مسلسل دوسری فتح

راولپنڈی: سہ ملکی ایک روزہ کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی اسپنر عرفات منہاس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، بین ڈکٹ نے 45 جبکہ جو روٹ نے 33 رنز بنائے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

صائم ایوب 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ بابر اعظم نے 34، سعد بیگ نے 35 اور سلمان علی آغا نے 16 رنز بنائے۔ پاکستان نے 133 رنز تک 5 وکٹیں گنوا دی تھیں۔

مشکل صورتحال میں حسن نواز نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، عرفات منہاس نے 59 اور فہیم اشرف نے 39 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 300 سے تجاوز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 10 اور حارث رؤف نے 4 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس اٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ اس طرح قومی ٹیم نے سہ ملکی سیریز میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے