اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 69 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 20 اکتوبر سے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 14 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے شفافیت بہتر بنانے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتیں جاری کرنا بھی شروع کر دی ہیں، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر صارفین تک زیادہ تیزی سے منتقل کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ روزانہ قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کی گزشتہ سات روزہ اوسط کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جو عالمی طریقہ کار کے مطابق ہے۔