بغداد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کا 52 واں اجلاس شروع، پاکستان کی علاقائی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف

بغداد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا 52واں اجلاس شروع ہوگیا، عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

عراقی وزیراعظم نے کہا کہ اسلامی دنیا کو بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے، علاقائی اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک کو مشترکہ کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو انصاف دلانا اور ان کے حقوق کی فراہمی علاقائی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔

اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شرکا کے درمیان علاقائی تنازعات کے حل، سفارتی کوششوں کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے امکانات پر بھی غور ہوگا۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بغداد پہنچ چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، مصر اور دیگر مسلم ممالک کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اس تناظر میں رکن ممالک کے نمائندے موجودہ بحرانوں سے نمٹنے، باہمی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے