اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق قراردادیں کثرتِ رائے سے منظور کرلی گئیں۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے دونوں قراردادیں ایوان میں پیش کیں۔
اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق صدارتی فرمان بھی پیش کیا گیا۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی تحریک کے حق میں 214 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ 56 ارکان نے مخالفت کی۔
دوسری جانب اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی اور انہیں مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کا معاملہ گزشتہ ایک سال سے تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے اسے اہم آئینی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبرپختونخوا سے متعلق قراردادوں کی منظوری اور وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت اہم پیش رفت رہی۔