اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی، جس میں دفاعی اور تزویراتی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے۔
ملاقات کے دوران مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔