اوٹاوا/برٹش کولمبیا: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ایک دور دراز قصبے میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک مشتبہ حملہ آور بھی شامل ہے۔ پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک اسکول اور ایک رہائش گاہ میں پیش آیا۔ چھ افراد اسکول کے اندر مردہ پائے گئے، جبکہ ایک زخمی شخص ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔ مزید دو افراد کی لاشیں ایک گھر سے برآمد ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور بھی اسکول کے اندر مردہ پایا گیا، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کی موت خود ساختہ زخموں کے باعث ہوئی۔
واقعے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دونوں زخمیوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے مقامی کمیونٹی کو آگاہ کیا ہے کہ فی الحال مزید کسی خطرے کے شواہد نہیں ملے اور صورتِ حال قابو میں ہے۔ تاہم حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے اور حکام مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ ایک ایسے چھوٹے قصبے میں پیش آیا جہاں آبادی چند ہزار افراد پر مشتمل ہے، جس کے باعث پورا علاقہ شدید صدمے اور خوف کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق رہائشی اور حکام اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔