بیرسٹر گوہر کا خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ مسترد، غیر جمہوری اقدام قرار دے دیا

اسلام آباد: ‏چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان کا خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر ردِعمل سامنے آ گیا۔

اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ‏ہم صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہیں، یہ ایک انتہائی تشویشناک اور سنگین سیاسی غلطی اور غیر جمہوری اقدام ہے، عوام اپنے حقوق کے خلاف ایسے اقدامات کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏خیبرپختونخوا کے عوام کا مینڈیٹ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے، اس مینڈیٹ کو نظر انداز، صوبائی خودمختاری کو کمزور اور وفاق و صوبے کے درمیان تصادم پیدا کر کے نہ امن قائم کیا جا سکتا ہے اور نہ استحکام لایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏دہشت گردی کے خاتمے پر کوئی اختلاف نہیں، دہشت گردی کا مقابلہ قومی یکجہتی اور مشترکہ حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے، ‏صوبوں کو کمزور کر کے وفاق مضبوط نہیں ہو سکتا، مسائل کا حل طاقت، تصادم اور غیر معمولی اقدامات میں نہیں بلکہ سیاسی بصیرت، آئین کی بالادستی اور بامعنی مذاکرات اور عملی اقدامات میں ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ‏ہم عوامی مینڈیٹ، صوبائی خودمختاری اور آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر بھرپور آواز اٹھائیں گے، ‏مضبوط صوبے ہی مضبوط وفاق کی بنیاد ہیں، اور آئین کی حکمرانی ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے