اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ انہوں نے سعودی عرب پر حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے سعودی اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے متعدد بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنانے پر سعودی افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب پر حملے فوری طور پر بند کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔