پاکستان اور بحرین کا تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ تجارتی سرگرمیوں، معاشی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی عالمی فورمز پر باہمی دلچسپی کے معاملات میں روابط کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو کی۔

اسحاق ڈار اور عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی رابطوں میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رجحان کو مزید آگے بڑھانے اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اختلافات اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے قابل عمل راستے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے