شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں 4 اہم دہشت گرد کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک ہوئے۔

ہلاک ہونے والے اہم کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ متعدد دہشت گرد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ 4 اہم خارجی کمانڈرز سمیت 9 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا مظہر ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے