ایرانی خلائی ایجنسی کا پہلا ریڈار رونمائی کیلئے تیار

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی خلائی ایجنسی اپنے پہلے ریڈار سیٹلائٹ “ریڈ ون” کی رونمائی کے لیے تیار ہے، جو جدید مصنوعی اپرچر ریڈار (SAR) ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا اور 50 میٹر سے بہتر تصویری ریزولوشن فراہم کرے گا۔

ایرانی خلائی ایجنسی کے سربراہ حسن سالاریہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران دو مختلف سیریز کے تحت ریڈار سیٹلائٹس تیار کر رہا ہے، جنہیں ریڈ ون اور ریڈ ٹو کا نام دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ریڈار سیٹلائٹس کے دو خاندانوں پر بیک وقت ڈیزائن اور تیاری کا کام کر رہا ہے۔

حسن سالاریہ کے مطابق ریڈ ون ایک SAR طرز کا ریڈار سیٹلائٹ ہے، جس کی تصویری درستگی 50 میٹر سے بہتر ہوگی، جبکہ دوسرے منصوبے ریڈ ٹو سیٹلائٹ کی تیاری بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈ ٹو سیٹلائٹ کی ریزولوشن 20 میٹر سے بہتر ہوگی اور یہ اس وقت ایرانی خلائی تحقیقی ادارے میں زیرِ تکمیل ہے، جس کی آئندہ چند برسوں میں رونمائی متوقع ہے۔

ریڈار سیٹلائٹس کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سربراہ ایرانی خلائی ایجنسی نے کہا کہ ان سیٹلائٹس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ صرف مرئی روشنی تک محدود نہیں بلکہ دیگر اسپیکٹرم اور ویولینتھ، خصوصاً ایکس بینڈ میں بھی تصاویر حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے باعث ریڈار سیٹلائٹس خراب موسم، گرد و غبار، دھند یا بادلوں کی موجودگی کے باوجود مؤثر انداز میں تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ برف سے ڈھکے علاقوں کی نگرانی بھی ممکن ہوگی، جس سے ایران کی سیٹلائٹ امیجنگ اور زمینی مشاہدے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق ریڈار سیٹلائٹس کی شمولیت سے قدرتی آفات کی نگرانی، زرعی منصوبہ بندی، ماحولیاتی تجزیے اور سکیورٹی سمیت متعدد شعبوں میں ایران کی خلائی صلاحیت کو مزید تقویت ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے