پاکستان کا فتح-4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتح-4 کے توسیعی ورژن میں جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشن نظام نصب کیے گئے ہیں، جو طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی، جس کا مقصد درستی میں بہتری اور نظام کی بقا کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور میزائل تیار کرنے والے ادارے کے انجینئرز نے کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں سروسز چیفس نے فتح-4 توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی ہے۔

اعلیٰ عسکری قیادت نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز اور تمام متعلقہ افراد کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے