کیلیفورنیا: ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے ایک بار پھر غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کی توجہ وہاں ہونے والی تباہی کی جانب مبذول کرائی ہے۔
انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے پورے پورے حصے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں گھر، اسکول، اسپتال، سڑکیں اور بنیادی سہولیات بڑے پیمانے پر تباہ ہوچکی ہیں۔
اداکارہ نے خبردار کیا کہ سردی کی آمد سے قبل غزہ کی 94 فیصد آبادی کو پناہ گاہ اور ضروری امدادی سامان کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل بھی انجلینا جولی غزہ کی صورتحال پر اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ غزہ فلسطینیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے لیے اجتماعی قبر بن چکا ہے۔
انجلینا جولی کے اس بیان پر اسرائیل کے حامی حلقوں اور بعض یہودی گروہوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔