اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تین پاکستانی شہریوں کی میتیں پاکستان منتقل کرنے کے لیے انتظامات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق تینوں پاکستانی شہریوں کی میتیں تقریباً ایک گھنٹہ قبل ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا پہنچا دی گئی ہیں، جہاں ایتھوپین ایئرلائنز کا عملہ تابوتوں اور دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد کراچی جانے والی پرواز کے ذریعے میتوں کی روانگی کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر متعلقہ حکام میتوں کی پاکستان منتقلی کا عمل جلد مکمل کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں سید کاشف عمر، احمد انصاری اور رفیع اللہ کی میتیں پاکستان واپس لانے کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی تھی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز مرحوم سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی تھی۔
وزیراعظم نے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ حکومت تینوں پاکستانیوں کی میتیں جلد پاکستان منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔