نابلس میں حضرت یوسفؑ کے مزار پر اسرائیلی آبادکاروں کا دھاوا

نابلس: مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں سیکڑوں اسرائیلی آبادکاروں نے حضرت یوسفؑ کے مزار پر دھاوا بول دیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے مزار پر آنے والے آبادکاروں کو سکیورٹی فراہم کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے علاقے میں موجود فلسطینی رہائشیوں کو اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا۔ متعدد فلسطینی گھروں کو فوجی بیرکوں میں تبدیل کر دیا گیا جبکہ عمارتوں کی چھتوں پر اسرائیلی فوج کے اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے گزشتہ روز مسجد اقصیٰ میں بھی داخل ہو کر مذہبی رسومات ادا کیں، جسے فلسطینی حلقوں کی جانب سے مقدس مقام کی بے حرمتی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب غزہ میں ایک رہائشی عمارت کے ملبے سے 100 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ غزہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں کے دوران لاشوں کو ملبے سے نکالا۔

برآمد ہونے والی لاشوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں نے شرکت کی۔

مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ رہائشی عمارت اکتوبر 2023 میں اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنی تھی اور طویل عرصے تک ملبے تلے دبے افراد کی لاشیں برآمد نہیں کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے