اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس، اسحاق ڈار کی ہنگری، آذربائیجان اور بلغاریہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہنگری، آذربائیجان اور بلغاریہ کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

اسحاق ڈار نے ہنگری کی وزیر خارجہ انیتا اوربان سے ملاقات میں انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ہنگری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، تجارت و سرمایہ کاری، کاروباری، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے دوطرفہ مشاورتی طریقہ کار کے باقاعدگی سے انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ دوطرفہ روابط میں پیش رفت برقرار رکھی جا سکے۔

نائب وزیراعظم نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر گفتگو کی۔

اسحاق ڈار نے بلغاریہ کی وزیر خارجہ ڈاکٹر ویلیسلاوا پیٹرووا چامووا سے ملاقات میں پاکستان اور بلغاریہ کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

دونوں جانب سے سیاسی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باقاعدہ اور مؤثر رابطوں میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے