راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی دستوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل کو صوبے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامی اقدامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے افسران و جوانوں کی ثابت قدمی کی بھی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔