نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر لیبیا کے قائم مقام وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون الطاہر الباعور سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لیبیا کے درمیان مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ بالخصوص تجارت، تعلیم اور کاروباری سطح پر روابط بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر علاقائی امن، توانائی کی فراہمی اور عالمی معیشت، بالخصوص ترقی پذیر ممالک پر پڑنے والے اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔
لیبیا کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔
انہوں نے علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے تمام فریقین پر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپس آنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔