امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے باوجود کہ ایران سے ڈیل طے ہے، سینئر خلیجی حکام نے سی این این کو بتایا ہے کہ جمعے کو امریکا ایران معاہدہ ہونے کا امکان ففٹی ففٹی ہے۔
ان ذرائع نےکہا ہے کہ ایرانی وفد میں ایرانی پاسداران انقلاب کی نمائندگی شامل نہیں ہے جبکہ درحقیقت پاسداران نے ہی عبوری معاہدے کی حتمی منظوری دینی ہے۔
ٹرمپ اس سے پہلے دعویٰ کرچکے ہیں کہ امریکی حکام ایرانی حکام کے ساتھ بہت اچھی بات چیت کر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے دھمکی بھی دی ہے کہ اگر اس بار ایرانی حکام معاہدے سے پیچھے ہٹے تو امریکا ایران کو سخت نشانہ بنائےگا۔ ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ آبنائے ہرمز پر کوئی معاہدہ آج ہی طے پا سکتا ہے۔
واضح رہےکہ ایران اب تک اس بات کی تردید کرتا نظر آرہا ہےکہ وہ واشنگٹن کے ساتھ کوئی مذاکرات کر رہا ہے، ایران کا کہنا ہےکہ وہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے معاملات طے کرنے کے لیے عمان سے بات کر رہا ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق ایران عمان مذاکرات ہی امریکا ایران مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔