امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکسی بھی قسم کی بات چیت پر رضامند نہ ہونے پر ایران کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر دوغلا ہونےکا الزام لگایا، کہا کہ ایرانی صرف عمان کے ساتھ معاملہ کر رہے ہیں، ایرانی ملاقات کی جیسے درخواست کرتے ہیں، پھر مذاکرات شروع ہوتے ہیں اور کئی باتیں طے ہوتی ہیں، لیکن اتنے میں ایرانی پھر دھڑلے سے کہنے لگتے ہیں کہ وہ کوئی بات چیت نہیں کر رہے۔
ٹرمپ نے کہا ایرانی کہتے ہیں کہ کسی معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہو رہی، ایرانی کہتے ہیں کہ وہ صرف عمان کے ساتھ معاملات نمٹا رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا ایرانی پھر وہی بات کرنے لگتے ہیں کہ آبنائے ہرمز کا انتظام وہ خود سنبھالیں گے۔ حالاں کہ آبنائے ہُرمُز پر امریکی بحریہ کا مکمل کنٹرول ہے۔
ٹرمپ نے کہا جب تک امریکا نہ چاہے ایران تک کوئی چیز نہیں پہنچ سکتی اور ایران مانے یا نہ مانے جب تک وہ مکمل طور پر ہتھیار نہ ڈال دے یا کوئی معاہدہ نہ ہوجائے امریکا ایران تک کوئی چیز نہیں پہنچنے دے گا، معاملہ بہت سادہ ہے، ایران کے پاس کبھی جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے۔