آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے سلسلے میں راولپنڈی میں بھی مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ آج ہوگی جس کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل، ٹیبلٹ اور کیمرے جیسی تمام ڈیوائسز پر پابندی ہوگی، پولنگ عملہ اور سیکیورٹی اہلکار بھی دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کر سکیں گے۔
ووٹنگ کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔ امیدوار کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پر آٹھ سے زائد افراد کے اندر جانے پر پابندی ہوگی ۔ امیدوار کو پولنگ بوتھ میں اکیلے داخل ہونا پڑے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صرف مجاز اتھارٹی کے جاری کردہ انٹری پاس کے حامل صحافیوں کو ہی کوریج کی اجازت ملے گی، جبکہ پولنگ کا وقت ختم ہوتے ہی پریزائیڈنگ افسر فارم چوبیس تیار کر کے سیکیورٹی انچارج کے حوالے کرنے کے پابند ہوں گے۔