بغداد / ریاض: سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ مل کر عراق میں مزاحمتی گروپوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی حالیہ ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی، جس میں مزاحمتی گروپوں نے سعودی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ اس سے پہلے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں تیل تنصیبات پر ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا، عراق سے داغے گئے متعدد ڈرون کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹ کام نے کہا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب نے عراق میں ایرانی حامی گروپوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں جن میں ایران سے وابستہ مسلح گروہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
عراق کی حشد الشعبی نے اپنے ردعمل میں ملک کے مختلف حصوں میں حملوں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ نینوا اور کربلا میں مختلف مقامات پر حملے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی پاپولر موبلائزیشن فورسز ان حملوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔