حکومتِ خیبر پختونخوا نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) ایکٹ 2026 منظور کرلیا

پشاور: حکومتِ خیبر پختونخوا نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) ایکٹ 2026 نافذ کرتے ہوئے ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں کی آبادی کی حد میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد نئی ویلج کونسلیں عملی طور پر سابقہ یونین کونسلوں کے مساوی حیثیت اختیار کر جائیں گی۔

سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ترمیمی ایکٹ (Act No. XV of 2026) کے تحت ہر ویلج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کی آبادی 30 ہزار سے 40 ہزار کے درمیان مقرر کی گئی ہے۔ نئی حلقہ بندیوں کی بنیاد ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے سرکاری اعداد و شمار ہوں گے، جبکہ آبادی میں 10 فیصد تک کمی یا بیشی کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

قانون کے مطابق مخصوص یا غیر معمولی حالات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ وجوہات تحریری طور پر ریکارڈ کرتے ہوئے اور صوبائی حکومت سے مشاورت کے بعد آبادی کی مقررہ حد سے استثنیٰ دے سکے۔

ترمیمی قانون کے تحت ویلج کونسلوں کا دائرہ کار بڑھنے کے بعد وہ عملی طور پر سابقہ یونین کونسلوں کی جگہ لے لیں گی، جبکہ اضلاع میں نئی ویلج کونسلیں اسی طرز پر تشکیل دی جائیں گی۔

قانونی کارروائی کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی نے ترمیمی بل 6 جولائی 2026 کو منظور کیا، گورنر نے 16 جولائی کو اس کی توثیق کی، جبکہ 21 جولائی 2026 کو سیکرٹری صوبائی اسمبلی کے دستخط سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد قانون فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا۔

نوٹیفکیشن کی نقول گورنر سیکرٹریٹ، محکمہ قانون، محکمہ داخلہ و قبائلی امور اور دیگر متعلقہ اداروں کو عملدرآمد کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے