سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے قافلے پر عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس میں زخمی ہونے والا سیکیورٹی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ، سردار تنویر الیاس محفوظ رہے ۔
ترجمان سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق صدرآئی پی پی آزاد کشمیر تنویر الیاس قافلے کیساتھ راولاکوٹ جا رہے تھے، قافلہ تینتیس گاڑیوں پر مشتمل تھا ، سردارتنویر الیاس انتخابی مہم کےسلسلے میں حلقہ ایل اے بائیس پاچھوٹ جا رہے تھے ۔ سردار تنویر الیاس کا قافلہ ٹائیں ڈلکوٹ میں رکا اوراسی تھانے کی حدود میں واقعہ پیش آیا ۔ جس میں سردار تنویر الیاس کےگارڈ سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے ۔فائرنگ سے زخمی سیکیورٹی گارڈ کے سر پر دو گولیاں لگیں ، سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کے بعد مقامی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے انتخابی قافلے پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ کی شہادت پر دلی افسوس ہے۔
عبدالعلیم خان نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سابق مشیر سردار امتیاز شاہین اور ایک سیکیورٹی گارڈ کے زخمی ہونے پر دکھ ہے، شرپسندوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ کی شہادت پر دلی افسوس ہے، شر پسند عناصر کا یہ اقدام انتہائی بزدلانہ ہے، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، تکلیف کی گھڑی میں شہید گارڈ اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔