اسلام آباد: پی آئی اے کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی ہے، عارف حبیب کنسورشیم کے ضمنی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے انتظام سنبھال لیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پی آئی اے کےانتظامی کنٹرول کی سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقلی ایئرلائن کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔
چیئرمین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے مطابق پی آئی اے کی ملکیت ضرور تبدیل ہوئی ہے لیکن پاکستان کی خدمت کا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ ہے ۔ پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے جدید عالمی معیار کی ائیر لائن بنائیں گے ۔
نئی انتظامیہ ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ قوم کا اعتماد محض دستاویزات کی منتقلی سے حاصل نہیں ہوگا ۔ یہ اعتماد ہر میل ، ہر مسکراہٹ اور ہر سال کے ساتھ حاصل کیا جائے گا ۔
پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے ایک سو اسی ارب روپے میں ایئرلائن کی ملکیت حاصل کی ۔ جس میں پچپن ارب حکومت پاکستان کو حاصل ہوں گے جبکہ ایک سو پچیس ارب پی ائی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ جو آپریشنل اصلاحات، بیڑے کی جدت ، نئے روٹس کے آغاز ، ادارے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور معیار بہتر بنانے پر خرچ ہوگی ۔
وزیراعظم شہبازشریف
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا پی آئی اے کی جدید کاری کے لئے بڑی سرمایہ کاری اور بحالی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔ پی آئی اے کی نجکاری سے پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو گا ۔ نجکاری کے عمل میں نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ۔ حکومت معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے کے اصلاحاتی ایجنڈے پر گامزن ہے ۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پی آئی اے نجکاری کی پہلی کامیاب فنانشل کلوزنگ پر وزیرِاعظم اور قوم کو مبارکباد دی اور کہا یہ پاکستان کے لئے تاریخی سنگِ میل ہے ۔ نجکاری کا عمل محنت ، دیانت داری اور ادارہ جاتی تعاون سے مکمل ہوا ۔ حکومت شفافیت ، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے ۔