واشنگٹن: امریکا نے ایران کو خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی ترسیل کی اجازت دیدی۔
امریکا نے ایران کے لیے جنرل لائسنس جاری کر دیا، امریکی وزیر خزانہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل پابندیاں عارضی طور پر اٹھا رہے ہیں، پابندیوں میں عارضی ریلیف کا فیصلہ سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے بعد کیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق لائسنس ایرانی خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی پیداوار اور ترسیل کی اجازت دیتا ہے، لائسنس کے تحت ایران کو خام تیل کی ترسیل اور فروخت کی اجازت 21 اگست 2026 تک ہوگی۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق لائسنس کے تحت ایرانی خام تیل، پیٹروکیمیکل اور پیٹرولیم مصنوعات کی امریکا میں درآمد کی اجازت بھی ہوگی۔
یاد رہے کہ امریکا نے ایرانی تیل کی فروخت پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔
کچھ روز قبل رائٹرز نے سینئر ایرانی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران کیساتھ مجوزہ معاہدے کے تحت امریکا ایرانی تیل پر عائد پابندیوں کو ایک مخصوص مدت کے لیے نرم کرے گا جس کے نتیجے میں ایران کو تیل فروخت کرنے اور اس کی آمدنی حاصل کرنے کی اجازت ملے گی، ساتھی ہی حتمی معاہدہ ہونے تک امریکا ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔