ایکرا: گھانا کے دارالحکومت ایکرا میں تاریخی اہمیت کے حامل ایک قلعے کے باہر غلاموں کی تجارت کی ایک دل دہلا دینے والی ڈرامائی منظرکشی پیش کی گئی۔
یہ قلعہ ماضی میں افریقی غلاموں کو دنیا کے مختلف حصوں میں منتقل کرنے کے ایک بڑے مرکز کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔
یہ تقریب جونیٹینتھ (Juneteenth) کے موقع پر منعقد کی گئی، جس کا مقصد غلامی کی تاریخ اور اس کے اثرات کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر غلامی کے دور کے مناظر کو دوبارہ پیش کیا گیا، جس نے شرکاء کو تاریخ کے اس تاریک باب کی یاد دلائی۔
اسی مقام پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی جاری ہے جس میں تقریباً 80 ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔ کانفرنس کا مقصد اقوامِ متحدہ کی اُس قرارداد کو عملی شکل دینا ہے جس میں غلامی کو "انسانیت کے خلاف سب سے سنگین جرم” قرار دیا گیا ہے۔
کانفرنس کے شرکاء کا کہنا ہے کہ غلامی کے متاثرین کی نسلوں کے ساتھ انصاف کے لیے سابق نوآبادیاتی طاقتوں کو اپنے تاریخی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے باضابطہ معافی مانگنی چاہیے۔ اس سلسلے میں نوآبادیاتی دور کے اثرات، تاریخی ذمہ داری اور ممکنہ تلافی کے اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کانفرنس غلامی کے تاریخی ورثے، نسلی انصاف اور عالمی سطح پر مفاہمت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔