باغ: حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک کے مذاکرات میں سب سے زیادہ سنجیدہ اور مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین نے 12 نشستوں کے تنازع پر لچک دکھانے اور اپنے اپنے مؤقف سے ایک قدم پیچھے ہٹنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے نتیجے میں مذاکرات کامیابی کی جانب بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر نظرثانی اور مختلف رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لینے کے حوالے سے بھی مثبت اشارے دیے ہیں۔
مذاکراتی عمل میں ضلع باغ کے ممتاز علما اور اہم سماجی و سیاسی شخصیات پر مشتمل ایک وفد کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وفد میں مولانا سید عطا اللہ شاہ گردیزی، مولانا سید وجاہت شاہ گردیزی، مولانا امین الحق، مولانا امتیاز صدیقی اور تنویر انور خان شامل ہیں، جو دونوں فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور معاملات کو حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور اگر موجودہ مثبت فضا برقرار رہی تو جلد کسی متفقہ فارمولے کا اعلان متوقع ہے۔