تہران: ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ باقر قالیباف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں وعدوں اور گارنٹیوں پر کوئی اعتبار نہیں ہے، ہمارے لیے صرف عملی اقدامات ہی اصل معیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ جب تک دوسرا فریق عملی قدم نہیں اٹھاتا، ہم کوئی اقدام نہیں کریں گے، کسی بھی معاہدے کا اصل فاتح وہ ہوتا ہے جو اگلے دن سے جنگ کیلئے بہتر تیاری کرے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا ایران مفاہمتی یادداشت میں کچھ تبدیلیاں ہوئی ہیں، مفاہمتی یادداشت کا مسودہ ابھی فائنل نہیں ہوا۔
برطانوی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران معاہدے کا مسودہ اسرائیل اور دیگر اتحادیوں سے شیئر کردیا۔
مسودے کی تفصیلات وہی ہیں جو کئی دنوں سے میڈیا پر زیر گردش ہیں، مسودے کے مطابق آبنائے ہرمز کھلے گی اور امریکی ناکہ بندی ختم ہوگی، ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 12 ارب ڈالر ریلیز کیے جائیں گے، ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق فیصلہ 60 دن کے اندر کیا جائے گا۔