اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے موقع پر ہونے والی ملاقاتوں، معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں سے متعلق پاکستان اور چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کیا اس دوران وزیراعظم شہبازشریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کی تقریبات منعقد کی گئی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے افغانستان کے معاملے پر ایک دوسرے سے قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی، ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) اور کسی گروہ کو کوئی زمین استعمال کرکےعلاقائی سلامتی کونقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی گروہ کو دہشتگردی کی سرگرمیاں کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ون چائنا پالیسی پر مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان تائیوان کے معاملے پر چین کی مکمل حمایت کرتا ہے۔