لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کی تاریخ کے پہلے اور منفرد ‘پرواز کارڈ’ کا افتتاح کر دیا اور پروگرام ‘کریٹیوہینڈ، راہ روزگار’ اور ‘اسکل ڈیولپمنٹ پورٹل’ کا بھی آغاز کیا اور ہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ روپے تک بلاسود دینے کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈھائی لاکھ نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کی، ایک لاکھ 14ہزار سے زائد نوجوان ٹیکنیکل ٹریننگ کے بعد برسرروزگار ہیں، 97 ہزار نوجوانوں کو پاکستان اور 33 ہزار کو بیرون ملک روزگار مل گیا ہے۔
مریم نواز سے وزیراعلیٰ آفس میں مختلف فنون سے ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کرنے والے 90 طلبہ نے ملاقات کی اور طلبہ سے متعلقہ علوم کی ٹریننگ اور روزگار کے بارے میں دریافت کیا اور انہوں نے امام مسجد کے ساتھ ساتھ الیکٹریشن کا کورس کرنے والے طالب علم کو سراہا اور شاباش دی۔
وزیراعلیٰ نے ٹرانس جینڈر طلبہ سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر ٹرانس جینڈر طلبہ نے مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی انسان نہیں سمجھتا تھا، آپ نے ہمیں عزت اور مقام دیا۔
مریم نواز نے پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ اینڈ انٹر پرینیور شپ ڈپارٹمنٹ کے اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ سے گفتگو کی اور مختلف اسکلز حاصل کرنے والے طلبہ کی صلاحیتوں اور جذبوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، ماں کا دل چاہتا ہے بچوں کی راہ میں آنے والے تمام کانٹے چن لیے جائیں، پنجاب کے خزانے کا ایک ایک پیسہ نوجوانوں پر لگانے چاہتے ہیں، ٹیکنیکل اداروں میں طلبہ کو اسکالر شپ ہی نہیں دیتے بلکہ ٹریننگ کے بعد روزگار کا بندوبست بھی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کے کونے کونے میں طلبہ کو وسائل اور مواقع مہیا کرتے ہیں، جاب سیکٹر میں جاب نہ ملے تو ای کامرس، آئی ٹی کے کورسز سے راستے کھل جاتے ہیں، میری خواہش ہے کہ ہمارے بچے کسی شعبے میں پیچھے نہ رہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کوئی بچہ ایسا نہ ہوں جو ماں باپ پر بوجھ بنے بلکہ خاندان کے لیے کمانے والا ہو، جو بچے بیرون ممالک جانے والے ہیں انہیں بھی مواقع فراہم کریں گے، بیرون ملک پاکستانی مشکل جاب کرتے ہیں۔