بغداد: عراق کے نئے وزیراعظم علی الزیدی نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر وزارت عظمی اور عراقی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
عراقی وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اقتدار کی منتقلی کی تقریب بغداد میں منعقد ہوئی، جس میں سبکدوش ہونے والے وزیراعظم محمد شیاع السودانی بھی موجود تھے۔
علی الزیدی نے اپنے ابتدائی خطاب میں کہا کہ عراق ایک عظیم امانت اور تاریخی ذمہ داری ہے، جبکہ پارلیمنٹ نے ایک حساس مرحلے میں نئی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
نئے عراقی وزیراعظم نے پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد کا ووٹ اللہ، قوم اور تاریخ کے سامنے ایک بڑی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے حکومت سازی کے عمل میں تعاون پر سیاسی جماعتوں اور رابطہ فریم ورک کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آنے والا مرحلہ حقیقی شراکت داری اور اختلافات سے آگے بڑھنے کا ہونا چاہیے۔
علی الزیدی نے عراقی عوام سے وعدہ کیا کہ وہ خلوص نیت اور مضبوط ارادے کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عراق طویل عرصے سے معاشی، خدماتی اور دیگر بحرانوں کا شکار رہا ہے، حالانکہ ملک کے پاس بے پناہ وسائل موجود ہیں۔