امریکی ریاست مائن میں نجی جیٹ طیارہ ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار

مائن: امریکی ریاست مائن کے شہر بینگر میں ایک نجی بزنس جیٹ طیارہ اتوار کی شام ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق طیارے میں آٹھ افراد سوار تھے۔

حادثے میں زخمیوں کی تعداد اور حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق شدہ معلومات سامنے نہیں آئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی صورتحال ابھی واضح نہیں ہو سکی۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ Bombardier Challenger 650 تھا، جو ایک نجی بزنس جیٹ ہے۔ بینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق حادثہ شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔

ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ امدادی سرگرمیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہ سکتی ہیں، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ کو رات بھر کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔

FAA کے مطابق حادثے کی تحقیقات نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کے اشتراک سے کی جائیں گی۔

حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید سرد موسم اور برفانی طوفان جاری ہے۔ مائن میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے اور ہلکی برف باری کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی تھی۔

ریڈیو آڈیو کے مطابق حادثے سے قبل ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور پائلٹس کے درمیان کم حدِ نگاہ اور ڈی آئسنگ مسائل پر گفتگو ہو رہی تھی۔ ٹیک آف کی اجازت ملنے کے تقریباً دو منٹ بعد کنٹرول ٹاور نے تمام پروازیں روکنے کا اعلان کیا۔

بعد میں کنٹرول ٹاور نے اطلاع دی کہ طیارہ الٹا پڑا ہے، جس میں تین عملے کے افراد اور ممکنہ طور پر پانچ مسافر سوار تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے