واشنگٹن: امریکی سیاست میں 2028 کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے نئی صف بندیاں سامنے آ رہی ہیں، جہاں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کچھ اتحادی اب مارکو روبیو کو ایک سنجیدہ صدارتی امیدوار کے طور پر دیکھنے لگے ہیں۔
عالمی جریدے پولیٹیکو کے مطابق روبیو، جنہیں 2016 کے انتخابات میں ناکامی کے بعد اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھا جاتا تھا، اب اپنی سیاسی پوزیشن کو دوبارہ مضبوط بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو نے حالیہ عرصے میں ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی وفاداری کا بھرپور اظہار کیا ہے، جبکہ خارجہ پالیسی میں فعال کردار اور "امریکہ فرسٹ” یعنی میگا ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگی نے انہیں ریپبلکن حلقوں میں دوبارہ مقبول بنا دیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اب وائٹ ہاؤس کے اندر بھی انہیں ایک قابلِ عمل متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب جے ڈی وینس اب بھی 2028 کی صدارتی دوڑ میں سب سے آگے تصور کیے جا رہے ہیں، تاہم تازہ پولنگ اور اندرونی جائزوں کے مطابق مارکو روبیو کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث انہیں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر لیا جا رہا ہے۔
اگر یہی رجحان جاری رہا تو آنے والے دنوں میں ریپبلکن پارٹی کے اندر قیادت کی جنگ مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جہاں مارکو روبیو اور جے ڈی وینس کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔