سعودی عرب کی پہلی بار ایران کو جوابی کاروائی کی دھمکی

ریاض: سعودی عرب نے مملکت میں امریکی اڈوں پر حملوں کے بعد پہلی بار ایران کو جوابی کارروائی کی دھمکی دے دی۔

اسرائیل اور امریکی حملوں کے بعد ایران نے سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک میں موجود امریکی اڈوں پر میزائل حملے کر کے ان کی تنصیبات کو نقصان پہنچانا شروع کیا اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو براہِ راست جوابی کارروائی کی وارننگ دے دی اور واضح کیا ہے کہ اگر مملکت یا اس کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو ریاض خاموش نہیں بیٹھے گا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو پیغام دیا ہے کہ ریاض اب بھی ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے، تاہم مملکت کی سلامتی یا آئل تنصیبات پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک نے اب تک ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، لیکن اگر خطے میں حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو سعودی عرب امریکی افواج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے۔

دوسری جانب ایران کا موقف ہے کہ اس کی کارروائیوں کا ہدف خلیجی ممالک نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجی اہداف ہیں۔ تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بند کیا جائے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے