ہیوسٹن: سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام، میئر سٹی جان وٹ مائر کی خصوصی شرکت، بین المذاھب ہم آہنگی پر زور

ہیوسٹن (خصوصی رپورٹ) امریکی ریاست ٹیکساس کے سب سے بڑے شہر ہیوسٹن میں بڑے سالانہ افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے میئر جان وٹ مائر نے خصوصی شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا۔

تقریب میں ٹیکساس سے منتخب رکن کانگریس ایل گرین سمیت وفاقی و ریاستی پارلیمنٹ کے ارکان، سینیٹرز، مختلف اداروں کے اعلیٰ عہدیداران، سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندگان اور معززین شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے معروف قاری و نعت خواں قاری صداقت علی نے حاصل کی۔ روح پرور تلاوت کے بعد افطار ڈنر کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کر کے بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

اپنے خطاب اور بعد ازاں ورلڈ واچ الرٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میئر جان وٹ مائر نے کہا کہ انہیں گزشتہ کئی برسوں سے مسلم کمیونٹی کے سالانہ افطار ڈنر میں شرکت کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے اور وہ خود کو مسلم کمیونٹی کے بہت قریب سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی ترقی اور سلامتی میں یہاں بسنے والے مسلمان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں مسلم کمیونٹی ہماری ترقی اور کامیابی کا اہم ترین حصہ ہے۔ دنیا بھر کو بڑے چیلنجز درپیش ہیں، اس لیے ہمیں امن اور بقائے باہمی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے غیر قانونی امیگرینٹس کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہیوسٹن میں متعلقہ وفاقی اداروں کی کارروائیوں سے مقامی پولیس کا کوئی تعلق نہیں اور ان کی میئرشپ میں شہر کے مقامی قوانین کے تحت ہی معاملات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم شہر ہے جہاں مختلف قومیتوں اور مذاہب کے لوگ باہمی احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ میں مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف شعبوں کے مستعد افراد کام کر رہے ہیں اور وہ ہمیشہ ان سے رابطے میں رہتے ہیں۔ ہمیں سب کو ترقی اور سلامتی کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔

میئر جان وٹ مائر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہر میں مسلم ووٹرز کی بہت بڑی تعداد موجود ہے، انہیں مقامی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ جمہوری عمل کے ذریعے اپنی نمائندگی کو مضبوط بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا پیغام ایک بہتر اور پرامن معاشرہ تشکیل دینا ہے، اور یہی پیغام ہمیں عملی زندگی میں اپنانا ہوگا۔

تقریب کے انعقاد اور انتظامات کے روحِ رواں معروف سماجی شخصیت سعید شیخ نے کہا کہ رمضان المبارک میں سالانہ افطار ڈنر کا سلسلہ 27 سال قبل شروع کیا گیا تھا جو اب ایک بڑی روایت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے میئر جان وٹ مائر کا شکریہ ادا کیا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے اس تقریب میں شرکت اور تعاون کرتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ میئر ہیوسٹن مقامی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی، ثقافتی تنوع، امن اور اتحاد کے قیام میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

سعید شیخ نے تمام منتظمین اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب مختلف تنظیموں کے باہمی تعاون سے ممکن ہوئی، جن میں ابو ظہبی، باکو، بصرہ، استنبول اور کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشنز، آئی سی جی ایچ، اسماعیلی کونسل، داؤدی بوہری جماعت اور دیگر تنظیمیں شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف مذہبی رواداری کو فروغ دیتی ہیں بلکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔

افطار ڈنر کی تقریب میں شرکاء نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں، اجتماعی دعا میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امن، اتحاد اور باہمی احترام کے پیغام کو آگے بڑھائیں گے۔ ہیوسٹن میں منعقد ہونے والا یہ سالانہ افطار ڈنر ایک بار پھر اس بات کا مظہر بنا کہ امریکا میں مسلم کمیونٹی نہ صرف متحرک اور منظم ہے بلکہ ملکی ترقی اور سماجی ہم آہنگی میں مثبت اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے