ہیوسٹن: عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خواں قاری صداقت علی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو باہمی اعتماد، درگزر اور دلوں سے بغض و عناد کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ اسلام کا بنیادی سبق انسانوں کو جوڑنا اور نفرتوں کو مٹانا ہے۔
انہوں نے یہ بات امریکی شہر ہیوسٹن میں منعقدہ بڑے سالانہ افطار ڈنر کی تقریب میں تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد عالمی نشریاتی ادارے ورلڈ واچ الرٹ کے ایڈیٹر انچیف آصف علی بھٹی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
قاری صداقت علی نے کہا کہ انہیں ہیوسٹن آکر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور یہاں پہنچ کر ایسا لگتا ہے جیسے وہ امریکہ میں نہیں بلکہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے درمیان موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اتحاد اور یگانگت کے ساتھ زندگی گزار رہی ہے، جو دیگر معاشروں کے لیے بھی ایک مثبت مثال ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس وقت دنیا بھر میں کشیدگی، تقسیم اور غلط فہمیوں کا ماحول ہے، ایسے میں مسلمانوں کو خصوصاً باہمی اعتماد کو فروغ دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام محبت، رواداری اور بھائی چارے کا دین ہے، جو انسانوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور دلوں کو جوڑنے کا درس دیتا ہے۔
قاری صداقت علی نے کہا کہ ہمیں اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے ایک دوسرے کو معاف کرنے، درگزر سے کام لینے اور دلوں میں موجود کینہ و نفرت کو ختم کرنے کی عملی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر مسلمان اسلامی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کریں تو معاشرے میں امن و استحکام خود بخود قائم ہو سکتا ہے۔
تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی و مسلم کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی اور قاری صداقت علی کی تلاوتِ کلامِ پاک کو انتہائی عقیدت و احترام سے سنا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے روحانی اجتماعات نہ صرف مذہبی وابستگی کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان باہمی روابط کو بھی فروغ دیتے ہیں۔