ماہ رمضان میں پاک افغان کشیدگی افسوسناک ہے، وزیراعظم ملائیشیا

کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری سرحدی جھڑپوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ دنوں میں سرحد پار فوجی کارروائیوں اور کھلی جنگ جیسے اعلانات کو شدید تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دو پڑوسی مسلم ممالک کے درمیان اس نوعیت کی کشیدگی نہایت افسوسناک ہے، جس کے نتیجے میں دونوں جانب قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے جو انتہائی رنج و غم کا باعث ہے۔

انور ابراہیم نے کہا کہ یہ تشدد ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ جاری ہے، جس کی وجہ سے صورتحال مزید تکلیف دہ اور افسوسناک ہو گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مقدس مہینے کے احترام میں فریقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان اور افغانستان دونوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر تمام فوجی کارروائیاں بند کریں اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جائز سیکیورٹی خدشات کا ازالہ ہونا چاہیے، جبکہ افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھی مکمل احترام کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے سیکیورٹی تحفظات اور افغانستان کی خودمختاری ایک دوسرے کے متضاد نہیں بلکہ ان دونوں امور کا حل صرف اور صرف مذاکرات کی میز پر ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بات چیت اور سفارتی ذرائع ہی خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے