جنگ مسئلے کا حل نہیں، پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، محمود خان اچکزئی

اسلام آباد: اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ امن کے داعی ہیں اور اگر اس سلسلے میں ان سے کسی نے رابطہ کیا تو وہ یہی مشورہ دیں گے کہ جنگ کی طرف نہ جایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے بڑی بڑی جنگوں کے دوران بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہتے دیکھا ہے، اس لیے مسائل کا حل بھی بات چیت اور سیاسی حکمت عملی کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان صورتحال اس نہج تک نہیں پہنچی کہ خدانخواستہ فوجی کارروائیوں اور سرحد پار بمباری کی نوبت آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مزید پیچیدگیاں اور عدم استحکام پیدا کرتی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ موجودہ حکومت کے بس کی بات نظر نہیں آتی۔

انہوں نے تجویز دی کہ تمام ریاستی ادارے، بشمول افواج پاکستان، مل بیٹھ کر سنجیدگی سے غور کریں کہ کس طرح اس نازک مرحلے پر ملک اور خطے کو میدانِ جنگ بننے سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ قومی مفاد کا تقاضا ہے کہ سیاسی قیادت، عسکری ادارے اور متعلقہ حلقے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے