اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے غزہ بورڈ آف پیس میں ملک کو نمایاں پزیرائی ملی ہے۔
عطا تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، لیکن اب ہر عالمی معاملے میں اہم کھلاڑی کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عالمی موجودگی اور عزت کا کریڈٹ اس کی موثر خارجہ پالیسی کو جاتا ہے، اور بورڈ آف پیس میں پاکستان کی اہمیت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک عالمی سطح پر ایک مؤثر ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا، “جب قیادت ایماندار ہو تو نتیجہ ہمیشہ مثبت نکلتا ہے، وزیراعظم نے فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا اور ہر فورم پر ان کے حق کی بات کی۔”
دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جانا چاہیے، ان کے لیے آزاد اور خودمختار ریاست کا قیام لازمی ہے، اور دیرپا امن کے لیے غزہ میں سیزفائر کی خلاف ورزیوں کو روکنا ہوگا۔